کورونا کو کنٹرول کرنے میں حکومت کی پالیسی گمراہ کن

   

لکھنو: اترپردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے الزام لگایا کہ یوگی حکومت جھوٹی بیان بازی اور اعدادو شمار کے کھیل سے ریاست کو بڑے سانحہ کی طرف لے جارہی ہے ۔مسٹر للونے منگل کو جاری بیان میں ریاست میں ویکسین کی دستیابی اور ویکسنیشن میں بڑے فرق پر سوال اٹھاتے ہوئے کہاکہ موجودہ رفتار میں ریاست کے لوگوں کے ویکسینیشن میں تقریباً 42مہینہ کا وقت لگے گا کیونکہ اب تک محض 4.86فیصد لوگوں کا ہی ویکسینیشن ہوسکا ہے جبکہ پرائیویٹ نرسنگ ہومس میں یہ مکمل طورپر بند ہے ۔انہوں نے کہا کہ اعدادوشمار کی بازی گری کرنے والی یوگی حکومت اب تک کل ملاکر 1,16,80213لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز دے سکی ہے جبکہ 18برس سے زیادہ عمر کے محض 2.76فیصد لوگوں کو پہلی ڈوز مل سکی ہے جبکہ قومی اوسط ٹارگیٹ کے مطابق 18برس سے زیادہ کے عمر کے 6.25فیصد لوگوں کا ویکسنیشن ہوجانا چاہئے تھا۔ ڈبل ڈوز حاصل کرنے والے لوگوں کی تعداد 3260076ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا انفیکشن سے 97000گاووں میں جانچ اور میڈیکل کا کچھ پتہ نہیں ہے ۔