تھرواننتاپورم: کیرالا کی وزیر صحت وینا جارج نے ریاست میں کووڈ معاملات میں اضافے کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہتر ہوگا کہ اگر بوڑھے، بچے اور بیماری میں مبتلا افراد عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ دواخانوں کا دورہ کرتے وقت ماسک کا استعمال لازمی ہونا چاہیے۔ جارج نے نوٹ کیا کہ ریاست میں فعال کوویڈ معاملات کی جملہ تعداد، منگل تک، 172 نئے معاملات کے ساتھ 1,026 تھی اور ان میں سے 111 ریاست کے مختلف دواخانوں میں زیر علاج ہیں۔انہوں نے کہا ہم نے احتیاط کو برقرار رکھنے کے لیے کہا ہے اور نگرانی کو بھی مضبوط کیا جائے گا۔ حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ سرج پلان تیارکریں اور آئی سی یو اور وینٹی لیٹرکی سہولیات کا بھی جائزہ لیں اور ساتھ ہی انہیں ادویات اور ٹیسٹنگ کا مناسب ذخیرہ دیکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ کٹس آسانی سے دستیاب ہیں۔