کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے جنگی خطوط پر اقدامات

   

نیلوفر ہاسپٹل کو ماڈل سنٹر کے طور پر انتخاب کرنے کی تیاریاں، 100 بیڈس کو دستیاب رکھا جارہا ہے

حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے کورونا کی تیسری امکانی لہر سے نمٹنے اور چھوٹے بچوں کو اس سے محفوظ رکھنے کیلئے جنگی خطوط پر احتیاطی اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور شہر حیدرآباد کے نیلوفر ہاسپٹل کو کورونا کا ایک اور نوڈل سنٹر کی حیثیت سے اعلان کرنے کیلئے تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہیکہ کورونا کی پہلی لہر سے زیادہ تر ضعیف افراد متاثر ہوئے۔ دوسری لہر میں 40 تا 60 سال کے درمیان زیادہ متاثر ہوئے۔ تیسری لہر میں چھوٹے بچے متاثر ہونے کا انتباہ دیا جارہا ہے جس کیلئے تلنگانہ حکومت نے کورونا کی امکانی تیسری لہر کا سامنا کرنے اور معصوم بچوں کی حفاظت و نگہداشت کرنے کیلئے احتیاطی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔ حکومت نے کورونا کی پہلی لہر میں جہاں گاندھی ہاسپٹل کو ماڈل سنٹر کے طور پر اعلان کیا تھا، تیسری لہر کیلئے بچوں کے ہاسپٹل نیلوفر کا انتخاب کیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کی ٹیم گذشتہ چار دن سے نیلوفر ہاسپٹل پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ ہاسپٹل کے بیڈس، آکسیجن پوائنٹس، وینٹی لیٹرس کی تفصیلات حاصل کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ قدیم عمارت کی دوسری منزل پر مزید ایک شیڈ تعمیر کرتے ہوئے اس میں بھی بیڈس کی سہولت فراہم کرنے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ نیلوفر ہاسپٹل میں جملہ 1000 بیڈس ہیں۔ 12 پیڈیاٹرکس یونٹس، 3 گائناکالوجی یونٹس، 4 جنرل سرجری یونٹس، 2 نیانٹالوجی یونٹس موجود ہیں۔ ہاسپٹل میں ریگولر نرسنگ اسٹاف کے ساتھ مزید 240 کنٹراکٹ پر نرسیس خدمات انجام دے رہی ہیں۔ آؤٹ پیشنٹ کیلئے مختص عمارت دوپہر کے بعد خالی رہتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر کورونا کی تیسری لہر کیلئے اس کو بھی استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ قدیم عمارت کی دوسری منزل پر مزید ایک نیا شیڈ تعمیر کرتے ہوئے اس میں 300 تا 350 بیڈس دستیاب رکھنے کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔ حاملہ خواتین کی ڈیلیوریز کیلئے نیلوفر ہاسپٹل میں خصوصی بلاک موجود ہے۔ اس کے علاوہ چھوٹے بچوں کے علاج کیلئے علحدہ وارڈس ہیں کے علاوہ حاملہ خواتین اور چھوٹے بچوں کے علاج کیلئے علحدہ علحدہ وارڈس ہیں۔ اگر کوویڈ کی تیسری لہر سے بچے متاثر ہوتے ہیں تو ان کے علاج کیلئے 1000 بیڈس کو تیار رکھا جارہا ہے۔ آکسیجن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ ساتھ ہی سی ٹی اسکیان اور دوسرے آلہ جات کو درست کرالیا گیا ہے۔ ہاسپٹل کے قدیم عمارت میں 6 کے ایل آکسیجن ٹینک کے علاوہ انسنٹیوکیر بلاک میں 10 کے ایل آکسیجن ٹینک موجود ہے، جس کے ذریعہ تمام واڈرس میں آکسیجن سربراہ کی جاسکتی ہے۔