کورونا کی امکانی تیسری لہر سے نمٹنے حکومت پوری طرح تیار : سومیش کمار

   

عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ چیف سکریٹری نے حیدرآباد میں ٹیکہ اندازی مہم کا جائزہ لیا
حیدرآباد 23 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہاکہ تلنگانہ میں کورونا کی تیسری لہر سے عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تیسری لہر کے مہلک ثابت ہونے کے بارے میں کوئی سائنسی تحقیق نہیں ہے۔ اُنھوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ تیسری لہر کے بارے میں بے فکر ہونے کی بجائے چوکسی برقرار رکھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت تیسری لہر کی آمد کی صورت میں اُس سے نمٹنے ہر طرح تیار ہے۔ حکومت نے جی ایچ ایم سی اور کنٹونمنٹ کے حدود میں ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم شروع کی ہے جس کا آج سے آغاز ہوا۔ چیف سکریٹری نے خیریت آباد کے اولڈ سی آئی بی کوارٹرس میں واقع ٹیکہ اندازی کیمپ کا دورہ کیا۔ اُنھوں نے میڈیکل اسٹاف اور عوام سے ملاقات کی۔ حکومت گریٹر حیدرآباد اور کنٹونمنٹ حدود میں صد فیصد ٹیکہ اندازی یقینی بنانے مہم کا آغاز کرچکی ہے جس کے تحت آئندہ 10 تا 15 دنوں تک گھر گھر پہونچ کر سروے کیا جائیگا ۔ سومیش کمار نے بتایا کہ شہر میں 4846 کالونیوں میں ایسے افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے جنھوں نے ابھی تک ٹیکہ نہیں لیا۔ ہر کالونی کے لئے ٹیکہ اندازی کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ جن مکانات میں ٹیکہ اندازی مکمل ہوچکی ہے اُن پر 2 اسٹیکر چسپاں کئے جائیں گے۔ سومیش کمار نے کہاکہ خصوصی مہم کے سبب کئی
افراد ٹیکہ اندازی کیلئے رضاکارانہ طور پر مراکز پہونچ رہے ہیں۔ اُنھوں نے اعتراف کیاکہ غلط فہمیوں اور ڈر کے نتیجہ میں کئی افراد نے ویکسین نہیں لی۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ مکمل ٹیکہ اندازی والی کالونیوں میں خصوصی بورڈ لگائے جائیں گے۔ آئندہ 15 دنوں میں ہر شخص کو کم از کم ویکسین کی ایک خوراک دینے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میں ٹیکہ مہم کی تکمیل کے بعد ریاست بھر میں یہ مہم چلائی جائے گی۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں ٹیکہ اندازی کیلئے ایسی مہم کی اطلاع نہیں ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ صد فیصد ٹیکہ اندازی والے مکانات کے دروازوں پر اسٹیکر لگائیں تاکہ دوسروں کو ترغیب ہو۔ اُنھوں نے ٹیکہ مراکز پر آنے والے افراد کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کو بھی ترغیب دیں۔ اس موقع پر سکریٹری محکمہ ہیلت مرتضیٰ علی رضوی، جی ایچ ایم سی کمشنر لوکیش کمار، کلکٹر حیدرآباد شرمن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ R