کورونا کی صورتحال کے بارے میں چیف سکریٹری سومیش کمار کا دعویٰ مضحکہ خیز

   

عدالت کو گمراہ کرنے کا الزام، اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کی تنقید
حیدرآباد: کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال کے بارے میں چیف سکریٹری سومیش کمار کے دعوؤں کو مسترد کردیا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے اشارہ پر سومیش کمار کورونا کی سنگینی کو چھپانے کی کوشش کی ہے حالانکہ اس طرح کی سرگرمیوں سے عوام کی زندگیوں کو مزید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ اتم کمار ریڈی جو شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں کورونا کا علاج کرا رہے ہیں، چیف سکریٹری کے دعوے کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹرحیدرآباد کے حدود میں گھر گھر سروے کے کام سے حقیقی صورتحال منظر عام پر آرہی ہے ۔ بخار اور دیگر علامات کے ساتھ ہزاروں افراد کا پتہ چلایا گیا اور یہ تمام لوگ کورونا ٹسٹ میں پازیٹیو آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کے علاج کیلئے بہتر سہولتوں کو فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوسئی ہے۔ آکسیجن ، ادویات اور ٹسٹنگ کٹس کے لئے مرکز کو ذمہ دار قرار دینے کی کوششیں افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ریاستی حکومت اپنی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کے کیسیس میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے لیکن ہیلت بلیٹن میں حقیقی تعداد کو چھپایا جارہا ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ چیف سکریٹری حقائق سے ناواقف ہیں ۔ انہوں نے چیف سکریٹری کو چیلنج کیا کہ وہ سرکاری دواخانوں کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں اور علاج کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں مریضوں کو شریک کرنے کیلئے بستر دستیاب نہیں ہیں۔ مریضوں کو انجکشن اور دیگر ادویات باہر سے حاصل کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے ۔ آکسیجن کی کمی کے نتیجہ میں ہونے والی اموات کو مخفی رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز پر انحصار کئے بغیر تلنگانہ حکومت کو اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی فکر کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ میں صحت کی صورتحال انتہائی ابتر ہے اور حکومت کو چاہئے کہ ہیلت ایمرجنسی کا اعلان کرے تاکہ عوام اپنی حفاظت آپ کرسکیں۔