نئے ویریئنٹ سے خوف کا ماحول‘ وزیر اعظم مودی کا اعلی سطح کا اجلاس
نئی دہلی: افریقہ میں کورونا کے نئے ویریئنٹ کے سبب عالمی سطح پر خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے ۔ اسی دوران ہفتہ کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کووڈ۔19 وبا کی موجودہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کے عنوان پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں کورونا سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ مودی نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہندوستان میں بین الاقوامی پروازیں کھولنے کے منصوبے کا جائزہ لیں اور اس سمت میں احتیاط سے آگے بڑھیں۔ایک سرکاری بیان کے مطابق، اس اجلاس میں وزیر اعظم مودی کو کووڈ۔19 کی نئی افریقی شکل کے بارے میں بتایا گیا، جسے عالمی ادارہ صحت نے اومیکرون کا نام دیا ہے۔ بیان کے مطابق وزیر اعظم مودی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ نئے خطرے کے پیش نظر احتیاطی اقدامات پر زیادہ توجہ دیں۔ بیان میں کہا گیا ہے، ’وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئے ابھرتے ہوئے شواہد (کووڈ-19 کی نئی شکل) کے پیش نظر بین الاقوامی سفر پر پابندیوں میں نرمی کے منصوبے کا جائزہ لیں‘۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ وبا کے نئے خطرے کے پیش نظر عوام کو بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے جیسے کہ ماسک پہننا اور عوامی مقامات پر ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھنا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’خطرے میں پڑنے والے ممالک‘ سے آنے والے ہر مسافر کا اعلان کردہ قوانین اور ہدایات کے مطابق سختی سے طبی معائنہ کیا جائے گا۔