نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ حکومت کورونا کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اس لیے اس کے بڑھتے ہوئے معاملات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیجریوال نے محکمہ صحت سے اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی دستیابی اور دیگر چیزوں کے بارے میں دریافت کرنے کے لیے جمعہ کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی حکومت نے تقریباً دو ہفتے قبل چھ ریاستوں کی نشاندہی کی تھی، جہاں کورونا زیادہ بڑھ رہا ہے۔ گجرات، مہاراشٹر، کیرالہ، کرناٹک، تمل ناڈو اور تلنگانہ میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان ریاستوں کو مرکزی حکومت نے خصوصی ہدایات دی تھیں۔ دہلی ان چھ ریاستوں میں شامل نہیں ہے۔