کورونا کے بعد باہمی سیریز کو ترجیح دینی ہوگی:روی شاستری

   

نئی دہلی۔17 مئی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری کا خیال ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے بعد کرکٹ دوبارہ شروع ہونے پر ورلڈ ٹورنمنٹ کی جگہ گھریلو کرکٹ اور دو طرفہ سیریز کو ترجیح دینی چاہئے۔کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور ایسی متعدد دو طرفہ سیریز کو یا تو ملتوی کیا گیا یا منسوخ کرنا پڑا ہے۔آئی پی ایل کے 13 ویں سیزن کو بھی کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا گیا ہے۔آئی پی ایل کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن ویزا پابندیوں اور ملک میں جاری لاک ڈاون کی وجہ سے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اسے غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا تھا۔ شاستری نے کہا ہے کہ کرکٹ دوبارہ شروع ہونے پر آئی پی ایل اور دو طرفہ سیریز کو ترجیح دی جانی چاہئے۔شاستری نے انٹرویو کے دوران کہا کہ میں اس وقت عالمی ٹورنمنٹ کے بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہا ہوں۔ گھر میں رہیں اور گھریلو کرکٹ کو ترجیح دیں جس سے کرکٹ سرگرمیاں شروع کی جا سکیں اور اس سے بین الاقوامی اور فرسٹ کلاس کے کرکٹر میدان پر واپسی کر سکتے ہیں۔اس کے بعد دو طرفہ سیریز کو ترجیح ملنی چاہئے۔اس سال اکتوبر۔ نومبر میں آسٹریلیا میں مرد ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد ہونا ہے اور کورونا کی وجہ اس کے انعقاد پر بحران کے بادل منڈلا رہے ہیں۔