کولوراڈو کے شاپنگ مال میں فائرنگ ، ایک شخص ہلاک

,

   

کرسمس کے موقع پر دو گروہوں میں تنازعہ کے بعدافسوسناک واقعہ
واشنگٹن: امریکہ کی ریاست کولوراڈو کے ایک شاپنگ سنٹر میں کرسمس سے قبل ہفتے کی شب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔میڈیا کے مطابق کولوراڈو اسپرنگز نامی شہر کی پولیس نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سٹیڈال مال میں دو گروہوں میں تنازعہ کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ اہلکاروں نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی اس مقام پر پہنچنے کی کوشش کی جہاں واقعہ ہوا۔پولیس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جب کہ دو زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جنہیں گولیاں لگی تھیں۔پولیس کے مطابق واقعے میں ایک خاتون بھی معمولی زخمی ہوئی ہیں۔ ان کو بھی مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔پولیس حکام نے علاقے کو کلیئر قرار دیا ہے جب کہ شاپنگ مال میں مزید کسی قسم کا کوئی خطرہ نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔ حکام جائزہ لے رہے ہیں کہ زیرِ حراست افراد میں سے کون کون اس تنازعہ میں ملوث تھا۔فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے شاپنگ مال کو کلیئر کر دیا تھا جو اب بند ہے۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیوز بھی زیرِ گردش کر رہے ہیں جس میں کچھ افراد ایک دوسرے سے گھتم گھتا ہیں۔ اسی دوران فائرنگ شروع ہو جاتی ہے اور چند گولیاں چلنے کی آواز سنائی دیتی ہے جب کہ کرسمس سے قبل شاپنگ کے لیے آئے ہوئے افراد کے دوڑنے کی آوازیں آتی ہیں۔