کولڈ اسٹوریج سے امونیا گیس کا اخراج، متعدد افراد متاثر

   

کروکشیترا ۔ 19 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) کروکشیترا نے 20 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع شاہ آباد مرکنڈا میں ایک کولڈ اسٹوریج سے امونیا گیس کے اخراج سے 15 افراد شدید طور پر متاثر ہوئے جنہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جبکہ 45 دیگر افراد بھی معمولی طور پر متاثر ہوئے ہیں ۔ منگل کے روز رات 9 بجے کولڈ اسٹوریج سے امونیا گیس کا اخراج اس وقت شروع ہوا جب ملازمین رات کا کھانا کھانے کے لئے پلانٹ سے باہر گئے تھے ۔ آس پاس کے لوگوں نے دم گھٹنے کی شکایت کی اور کئی لوگوں نے قئے کرنا شروع کردیا ۔ گیس پڑوس میں واقع ’’بازیگر‘‘ ڈیرہ نامی علاقہ تک پہنچ گئی جہاں40 خاندان اس سے بری طرح متاثر ہوئے ۔ دریں اثناء ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ سریندر سنگھ نے بتایا کہ رات دیر گئے آتش فرد عملہ نے گیس کے اخراج کو بند کردیا ۔