کولکتہ ۔ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) کلکتہ کی سڑکوں پر سائیکل چلانے کی اجازت ملنے کے بعد شہر میں سائیکل خریداروں کی تعداد میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے اور سائیکل شوروم کے مالکان کے اسٹاک ختم ہوگیا ہے اور اب پیشگی بکنگ لی جارہی ہے ۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کے خوف سے لوگ بسوں میں سفر کرنے کے بجائے موٹر سائیکل اور سائیکل کو ترجیح دے رہے ہیں۔بنگال میں آن لاک 1.0کی شروعات کے بعد سرکاری اور پرائیوٹ بسیں چلنا شروع ہوگیا۔چوں کہ اس وقت میٹرو اور لوکل ٹرین بند ہیں اس کی وجہ سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔بسوں کی قلت اور سیٹوں سے زاید مسافروں کو بس میں سوار کرنے کی پابندی اور کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے بہت سے لوگ متبادل سواری کا انتظام کرنے لگے ہیں چوں کہ سائیکل کے اخراجات کم ہیں۔اس لئے موٹر سائیکل کی خریداری کی طرف لوگوں کے رجحان میں کمی ہوئی ہے ۔ بینٹنگ اسٹریٹ پر ایک سائیکل دکان کے مالک نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ریسنگ سائیکلوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اس لئے ہم نے پیشگی بکنگ کرلی ہے اور جلد سے جلد انہیں سائیکل فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔