کولکتہ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی کارگذار صدر جے پی نڈا نے آج کولکتہ کے دھرم تلہ میںشہریت قانون کی حمایت میں نکالی جانے والی ایک بڑی ریالی کی قیادت کی۔ اِس ریالی میں اُن کے ساتھ ریاستی بی جے پی صدر اور قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگھیا بھی شامل تھے۔ یہ ریالی شہریت قانون کی حمایت میں نکالی گئی جس کا آغاز ہند سنیما سنٹرل سے شروع ہوکر شیام بازار میں ختم ہوا۔ واضح رہے کہ بنگال میں متنازعہ قانون شہریت ایک بہت بڑا موضوع بن چکا ہے جہاں آنے والے سال میں اسمبلی انتخابات مقرر ہیں۔ یہاں پر ٹی ایم سی سربراہ اور چیف منسٹر بنگال ممتا بنرجی نے یہ اعلان کر رکھا ہے کہ وہ بنگال میں کسی بھی حال نئے ترمیمی شہریت قانون کو نافذ نہیں ہونے دیں گی۔