کونسلر طاہر حسین کیخلاف کارروائی، عام آدمی پارٹی نے پارٹی رکنیت معطل کردی

   

دہلی 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے خفیہ بیورو کے ملازم انکت شرما کے قتل کے ملزم نہرو وہار سے کونسلر طاہر حسین کو جمعرات کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا۔ انکت شرما کے قتل کے معاملہ میں طاہر حسین پر آج ہی قتل کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ طاہر حسین کے خلاف دیال پور پولیس اسٹیشن میں دفعہ 302 کے تحت قتل کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ طاہر حسین پر انٹلی جنس بیورو کے افسر انکت شرما کے قتل کا الزام لگا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ معاملہ کی جانچ ہونے تک طاہرکو پارٹی کی ابتدائی رکنیت معطل کردیا گیا ہے۔ حالانکہ طاہر حسین نے اپنے اوپر عائد کئے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔اس سے قبل دہلی پولیس نے عام آدمی پارٹی کے کارپوریشن کونسلر طاہر حسین کی کھجوری خاص واقع فیکٹری کو سیل کردیا گیا تھا۔ ساتھ ہی ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ انٹلی جنس بیورو کے اسٹاف انکت شرما کے قتل کا الزام طاہر حسین اور ان کے حامیوں پرلگ رہا ہے۔ واضح رہیکہ پتھربازی میں مارے گئے انکت شرما کے بھائی نے طاہر حسین اور ان کے حامیوں پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ حالانکہ طاہر حسین نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ طاہرحسین نے اس معاملے پر صفائی دیتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کرکے کہا ہیکہ ان کے گھرپربھیڑ گھس گئی، جس پر انہوں نے پولیس سے مدد مانگی تھی، 8 گھنٹے کے بعد پولیس ان کو گھر سے نکال کرلے گئی ہے۔ اس پر جواب دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے قومی ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کسی مذہب، کسی پارٹی اورکسی بھی طبقے کیلوگوں نے فساد برپا کیا ہے، اس کیخلاف کارروائی کیجئے۔