بلا لحاظ مذہب و ملت عوام کی خدمت کو اولین ترجیح ، چیوڑلہ میں کئی ایک ترقیاتی و فلاحی کاموں کا اعتراف
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : سیاسی شعبہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں آج کل ایسے لوگوں کی بہتات ہے جو عوامی خدمت سے زیادہ اپنے اور اپنے اہل و عیال کے مفادات کی نگہبانی کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔ انہیں عوام کی ترقی و خوشحالی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے کوئی سروکار نہیں ہوتا بلکہ جو بھی کرتے ہیں اپنی تشہیر کے لیے کرتے ہیں ۔ اپنے بینک بیالنس میں اضافہ کے لیے کرتے ہیں ۔ سیاسی شعبہ کا جہاں تک سوال ہے آج کل یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ غیر سماجی عناصر فرقہ پرست روڈی شیٹرس ، قاتل ، زانی ، لینڈ گرابرس بھی اس میں نہ صرف داخل ہورہے ہیں بلکہ دولت و طاقت کے بل بوتے پر راج بھی کررہے ہیں ۔ لیکن آج بھی ایسے سیاستداں ہیں جو پوری وضعداری عوام سے وفاداری کے ساتھ ان کی بہبود و ترقی کے لیے کام کررہے ہیں ۔ اس طرح کے سیاستدانوں کی تعداد بہت کم ہے ۔ ان میں کونڈا ویشویشور ریڈی بھی شامل ہیں جو پارلیمنٹ میں حلقہ چیوڑلہ کی نمائندگی کرتے رہے ۔ انہوں نے عوام کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھا ۔ آپ کو بتادیں کہ کونڈا ویشویشور ریڈی ایک انجینئر ، ایک صنعت کار ایک سیاستداں ہیں ان سب سے بڑھ کر ان کے بارے میں یہی کہا جاتا ہے کہ وہ ایک اچھے اور ہمدرد انسان ہیں ۔ اگرچہ انہوں نے 2014 میں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی اور بہتر انداز میں عوام کی خدمت بجالائی اب کانگریس نے انہیں پارلیمانی حلقہ چیوڑلہ سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ مسٹر کونڈا ویشویشور ریڈی کونڈا وینکٹا رنگاریڈی کے پوتے ہیں جن کے نام پر ضلع رنگاریڈی کا قیام عمل میں آیا ۔ کونڈا ویشویشور ریڈی ایک اصول پسند سیاستداں ہیں ۔ کانگریس کی جانب سے انہیں چیوڑلہ سے اپنا امیدوار نامزد کئے جانے کے بعد ٹی آر ایس حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے ۔