حیدرآباد ۔ /15 اپریل (سیاست نیوز) کووڈ۔19 سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے خصوصی ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرس پر حملہ کے واقعات میں ملوث تین افراد کو حیدرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یکم اپریل کو گاندھی ہاسپٹل کے ایک ریسیڈنٹ ڈاکٹر پر متوفی کورونا وائرس مریض کے رشتہ دار جو اسی دواخانہ میں زیرعلاج تھے، کی موت کی اطلاع پر ڈاکٹر پر حملہ کردینے کے بعد اس نوجوان پر چلکل گوڑہ پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور آج اس نوجوان کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا ۔ اسی طرح دواخانہ عثمانیہ میں پوسٹ گریجویٹ طالبعلم ڈاکٹر پر حملہ میں ملوث دو افراد کو افضل گنج پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے انہیں بھی ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹروں پر حملے کے واقعات کے بعد پولیس نے اپنا سخت موقف اختیار کرتے ہوئے تینوں افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے ایک بیان میں کووڈ ۔ 19 ڈیوٹی پر تعینات ڈاکٹرس یا نیم طبی عملہ کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کا اعلان کیا تھا ۔ اس ضمن میں حملے کے واقعات کے خلاف مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔