کوویڈ۔ 19 سے یوروپ میں ایک لاکھ سے تجاوز، جرمنی بھی شدید متاثر

,

   

یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوزنئے کورونا وائرس کی وجہ سے ہفتے کے دن یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان میں سے صرف اسپین میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بیس ہزار کے قریب بنتی ہے۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر اموات کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار ہو چکی ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق اس وقت اس بیماری سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 2.3 ملین ہو چکی ہے۔ کووڈ انیس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کی خاطر دنیا بھر میں 4.5 بلین افراد براہ راست سماجی رابطوں کو ختم کرتے ہوئے گھروں پر مقید ہیں۔

جرمنی میں کورونا وائرس کے  قریب ڈھائی ہزار کیسز کا اضافہ

جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں گزشتہ روز چوبیس سو اٹھاون نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔ جرمنی کے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ برائے متعدی امراض کی جانب سے اتوار کے روز بتایا گیا ہے کہ اب جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ انتالیس ہزار آٹھ سو ستانوے ہو گئی ہے۔ ہفتے کے روز تین ہزار چھ سو نو کیس رپورٹ کیے گئے تھے۔ جرمنی میں اس وائرس سے مزید ایک سو چوراسی افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح یہاں اس متعدی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہزار دو سو چورانوے ہو گئی ہے۔ جرمنی میں جمعے کو دو سو ننانوے اور ہفتے کو دو سو بیالیس ہلاکتوں کا بتایا گیا تھا۔

بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف ویکیسن کی تیاری کے حوالے سے پرامید

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اگلے سال کے آخر تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار ہو جائے گی۔ ہفتے کی رات ورچوئل ”ون ورلڈ، ٹوگیدر ایٹ ہوم‘‘ نامی کانسرٹ میں بل گیٹس نے کہا کہ کئی طرح کی ممکنہ ویکسینز اس وقت موجود ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ کوئی موثر ویکسین اگلے سال کے آخر تک موجود ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کا خاتمہ اس وقت ہو گا جب دنیا میں ہر شخص کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تک رسائی ہو گی۔