کوچ بہار یونیورسٹی کے پروگرام میں مدعو نہ کرنے پر گورنر ناراض

   

کلکتہ 12فروری (سیاست ڈاٹ کام)مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر جو ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر بھی ہیں نے شمالی بنگال کے ایک یونیورسٹی کے سالانہ کنووکیشن میں مدعو نہیں کئے جانے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں سالانہ تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے اور انہیں کچھ خبر بھی نہیں ہے ۔ خیال رہے کہ کوچ بہار میں واقع پنچن برما یونیورسٹی میں جمعہ کو تیسرا سالانہ کنووکیشن منعقد ہونا ہے ۔ گورنر نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ کوچ بہار پنچن برما یونیورسٹی میں 14فروری کو سالانہ کنووکیشن منعقد ہونے جارہا ہے جس میں ریاستی وزیر تعلیم پارتھو چٹرجی، ریاستی وزیر گوتم دیب، ریاستی وزیر ربندر ناتھ گھوش اور بنے کرشن برمن کو مدعو کیا گیا ہے ۔جب کہ پروگرام کی صدارت کرنے کا حق چانسلر کا ہے اور مجھے کوئی خبر نہیں ہے ۔دعوت نامہ میں بھی چانسلر کے نام کا ذکر نہیں کیا گیا ہے ۔