کوہلی آج چینائی کیخلاف بہتر رن ریٹ کی کامیابی کے خواہاں

   

دبئی۔ کپتان ویراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرس بنگلورو ٹورنمنٹ سے تقریباً باہر ہوچکی چینائی سوپر کنگس کے خلاف اتوار کو ہونے والے مقابلے میں آئی پی ایل کے پلے آف کا ٹکٹ حاصل کرنے کے ارادے سے اترے گی۔کوہلی کے چیلنجرس نے آئی پی ایل کے اس سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ٹیم پلے آف میں جگہ بنانے سے صرف ایک کامیابی دور ہے ۔ بنگلورو دس میچوں میں سات فتوحات، تین شکست اور 14نشانات کے ساتھ ٹیموں کے جدول میں تیسرے نمبر پر ہے ۔ بنگلورو کے دہلی کیپیٹلس اور ممبئی انڈینس کے برابر 14پوائنٹ ہیں لیکن نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر وہ تیسرے نمبر پر ہے ۔بنگلورو کے سامنے چینائی کی ٹیم ہے جس کی مایوس کن کارکردگی اس ٹورنمنٹ میں مسلسل بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے ۔ کوہلی کے پاس موقع ہے کہ وہ کمزور پڑ چکی مہندر سنگھ دھونی کی چینائی ٹیم کو شکست دیں اور پلے آف میں جگہ یقینی کرنے کے بعد ٹاپ دو مقامات پر جگہ بنانے کی کوشش کریں۔ چینائی 11میچوں میں محض تین فتوحات اورآٹھ شکست کے ساتھ پوائنٹ ٹیبل میں آخری نمبر پر ہے ۔چینائی کی یہ حالت ہے کہ اسے اپنے باقی تین میچ بڑے فرق سے جیتنے ہوں گے اور امید کرنی ہوگی کہ چار اور ٹیمیں بھی 12کے اسکور پر آکر رکیں لیکن چینائی کی حالیہ کارکردگی سے ایسی کوئی امید نہیں جاسکتی۔ چینائی اب دوسری ٹیموں کا کھیل بگاڑ سکتی ہے ۔چینائی کو گزشتہ مقابلے میں ممبئی کے خلاف دس وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جو آئی پی ایل کی تاریخ میں اس کی پہلی دس وکٹ کی شکست ہے۔