کوہلی یکے بعد دیگرے دو سنچریوں سے نمبر ون کی سمت گامزن

   

دبئی، 3 دسمبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی بیٹنگ اسٹار ویرات کوہلی اپنی 83 ویں بین الاقوامی سنچری کی بدولت آئی سی سی ونڈے درجہ بندی میں بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے اپنے ساتھی کھلاڑی روہت شرما سے صرف 32 ریٹنگ پوائنٹس کے فاصلے پر پہنچ گئے ہیں۔ چہارشنبہ کو جاری ہونے والی تازہ درجہ بندی میں کوہلی ایک درجہ ترقی کے ساتھ چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔ رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ونڈے میں 37 سالہ کوہلی نے 135 رنزکی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت ان کی رینٹنگ 751 پوائنٹس ہوگئی۔ وہ اب روہت شرما سے صرف 32 پوائنٹس پیچھے ہیں۔کوہلی آخری بار2021 میں نمبر ون رہے تھے، جب پاکستانی بیٹر بابراعظم نے انہیں پیچھے چھوڑا تھا لیکن یکے بعد دیگرے دو سنچروں کے بعد اب ان کے نمبر ایک مقام پر واپسی یقینی ہے ۔ دریں اثناء روہت شرما نے بھی اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور افغانستان کے ابراہیم زدران سے آگے اپنا مقام مزید مستحکم کرلیا ہے۔ کوہلی نے تازہ ترین درجہ بندی میں شبمن گل کو پیچھے چھوڑکر چوتھا مقام سنبھال لی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو کا ایک درجہ ترقی پاکر ونڈے بولرز کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آگئے۔ اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرزدرجہ بندی میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی، جس میں اوپنر صائم ایوب نے اپنی عمدہ کارکردگی کے ساتھ دوبارہ نمبر ون آل راؤنڈر کا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ انہوں نے فائنل میں 36 رنز بنائے اور چار اوورز میں ایک اہم وکٹ بھی حاصل کی۔ پاکستان کے ابرار احمد نے بولرز رینکنگ میں چار درجے ترقی پاتے ہوئے چوتھا مقام حاصل کیا جبکہ محمد نواز دو درجے ترقی کے ساتھ 11ویں نمبر پر آگئے۔ نواز آل راؤنڈرز میں بھی تین درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ سری لنکا کے کامِل مشرٰی نے سہ ملکی سیریز میں 169 رنز اسکور کرکے ٹاپ 100 سے اٹھارہویں نمبر تک شاندارجھلانگلگائی۔ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے بھی آئرلینڈ کے خلاف 2-1 کی فتح کے بعد رینکنگ میں بہتری حاصل کی۔ پرویز حسین ایمان 21 درجے ترقی کے ساتھ 38ویں نمبر پر آگئے جبکہ توحید ہریدوئے پانچ درجے ترقی کے بعد 42ویں مقامپر پہنچے۔