کویت میں فلم ’باربی ‘ پر پابندی

   

کویت سٹی: کویت نے فلم ’باربی‘ پر پابندی لگا دی ہے دوسری طرف لبنان کے وزیر ثقافت نے حکام سے کہا ہے کہ وہ فلم کو سینسر کریں کیونکہ یہ “ہم جنس پرستی کو فروغ” دیتی ہے۔کویت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کونا کے مطابق کویت نے “عوامی اخلاقیات اور سماجی روایات کی حفاظت” کیلئے فلم باربی پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے فوراً بعد ایک لبنانی وزیر نے اپنے ملک کے حکام سے کہا ہے کہ وہ فلم کو سنیما گھروں میں نمائش سے روک دیں کیوں کہ “یہ فلم ہم جنس پرستی کو فروغ” دیتی ہے۔کویت کی وزارت اطلاعات کے ایک ترجمان نے کہا کہ یہ فلم “ایسے خیالات اور عقائد کو فروغ دیتی ہے جو کویتی معاشرے اور امن عامہ کیلئے اجنبی ہیں۔”وارنر برادرز کی یہ فلم ریلیز ہونے کے بعد سے دنیا بھر میں اب تک ایک ارب ڈالر کا کاروبار کرچکی ہے۔لبنان کے وزیر ثقافت محمد مرتضیٰ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ انہوں نے لبنان کی وزارت داخلہ سے کہا ہے کہ وہ ملک میں باربی کی نمائش پر پابندی عائد کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں۔