کٹھوعہ کیس کے مجرمین کو پنجاب و ہریانہ عدالتوں کی نوٹسیں

   

چندی گڑھ ۔ 18جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب اور ہریانہ کی عدالت عالیہ نے جمعرات کو جموں و کشمیر کی حکومت کو نوٹس جاری کردی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ کٹھوعہ کے بنجاروں کی 8سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور اس کے قتل کی پاداش میں سزا بھگتنے والے 6مجرمین کو بھی نوٹسیں دی گئی ہیں ۔ مقتول لڑکی کے والد نے ایک معصوم بچی کے ساتھ گھناونے جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کی سزا میں اضافہ کی عدالت سے درخواست کی تھی۔ تحت کی عدالت نے جس مجرم کو الزامات سے بری کردیا تھا ، عدالت نے اس کو بھی نوٹس جاری کی ہے ۔ 10جولائی کو عدالت میں داخل کردہ درخواست میں مقتولہ کے والد نے مجرمین کی سزاؤں کو سزائے موت اور عمر قید تک بڑھانے کی استدعا کی ہے اور ایک مجرم کی رہائی کو بھی اس درخواست میں چیلنج کیا گیا ہے ۔ لڑکی کے والد کی درخواست میں اس کیس کے سرغنہ سانجی رام ، خصوصی پولیس افیسر دیپک کھجوریا اور پرویش کمار کی سزا کو عمر قید سے بڑھاکر سزائے موت میں تبدیل کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔