کپتانی نہیں چھوڑ رہا ہوں، قطعی فیصلہ پی سی بی کریگا: سرفراز احمد

   

کراچی۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے تصدیق کی ہے کہ وہ قومی ٹیم کی کپتانی نہیں چھوڑ رہے ہیں جبکہ انہوں نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد مطمئن نظر آئے۔ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر قوم سے معافی مانگنے سے متعلق سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ معافی مانگنے کی کوئی بات نہیں، ہم دو چار پوائنٹس نہیں بلکہ 11 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ سے واپس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت ٹیم کی کپتانی نہیں چھوڑ رہے جبکہ اس کا حتمی فیصلہ پی سی بی کو کرنا ہے، کیونکہ سارے فیصلے وہی کرتے ہیں۔کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوران قومی ٹیم کے ایونٹ سے باہر ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی فارمنس کو سرفراز احمد نے بہتر قرار دے دیا۔