کپواڑہ میں انکاؤنٹر ، 5 سیکوریٹی جوان ، ایک شہری ہلاک

,

   

نعشوں کے درمیان سے اٹھ کر دہشت گرد کی اندھادھند فائرنگ
سرینگر ۔ یکم ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں آج عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک انکاؤنٹر میں سی آر پی ایف آفیسر کے بشمول 5 سیکوریٹی جوان ہلاک ہوئے۔ انکاؤنٹر مقام کے قریب جھڑپ میں ایک شہری بھی ہلاک ہوا۔ سیکوریٹی فورس نے بابوگن علاقہ میں دھاوے کرتے ہوئے تلاشی مہم کی تھی جہاں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد جیسے ہی فوج پہنچی انتہاء پسندوں نے سیکوریٹی فورس پر فائرنگ شروع کردی۔ دن میں کئی مرتبہ فائرنگ کا تبادلہ وقفہ وقفہ سے چلتا رہا۔ سیکوریٹی فورسیس جیسے جیسے انتہاء پسندوں کے روپوش علاقہ کی جانب بڑھنے لگی وہ لوگ جوابی کارروائی کرنے لگے۔ اس انکاؤنٹر کے مقام پر سیکوریٹی فورس کے حملہ میں دہشت گرد بھی مارے گئے جب سی آر پی ایف اور فوج کے جوان دہشت گردوں کی نعش لینے کیلئے گئے تو مارے گئے دہشت گردوں میں سے ایک دہشت گرد اچانک کھڑا ہوگیا اور اندھادھند فائرنگ شروع کردی جس میں سی آر پی ایف آفیسر کے بشمول پانچ سیکوریٹی جوان ہلاک ہوگئے، دیگر آٹھ زخمی بتائے گئے ہیں۔ زخمی جوانوں کو دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ متوفی جوانوں میں سی آر پی ایف کے انسپکٹر کے علاوہ ایک جوان اور ایک پولیس ملازم شامل ہیں۔ اس جھڑپ میں وسیم احمد میر نامی کشمیری نوجوان بھی ہلاک ہوگیا۔