نئی دہلی : کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے اوڈیشہ پردیش کانگریس کمیٹی کو مکمل طور پر تحلیل کر دیا ہے اور ضلع صدور سے کہا ہے کہ وہ نئے صدر کا اعلان ہونے تک ورکنگ صدور کے طور پر کام کرتے رہیں۔ یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ کھرگے نے اوڈیشہ ریاستی کانگریس کو تحلیل کردیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی صدر کے ذریعہ منظور شدہ خط کے ذریعہ ریاستی کانگریس کو تحلیل کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی صدر، ریاستی کانگریس کمیٹی، اس کے عہدیداران، ایگزیکٹو ممبران، کانگریس پارٹی کی ضلع، بلاک اور ڈویژنل تنظیموں کو مکمل طور پر تحلیل کر دیا گیا ہے ۔ پارٹی کے لیڈر نے کہا کہ ضلعی صدور سے کہا گیا ہے کہ وہ اگلے صدر کی تقرری تک ورکنگ صدور کے طور پر کام کرتے رہیں۔