کھرگے کے مکتوب پر الیکشن کمیشن کاردعمل نامناسب :گہلوت

   

جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی طرف سے انڈیا اتحاد کے اتحادیوں کو لکھے گئے مکتوبپر الیکشن کمیشن کے جواب کو نامناسب اور ناپسندیدہ قرار دیا ہے ۔ گہلوت نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ کھرگے کے ذریعہ اپنے حلیفوں کو لکھے گئے خط پر الیکشن کمیشن کا ردعمل پوری طرح سے نامناسب اور ناپسندیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کھڑگے کے ذریعہ اٹھائے گئے سوالات پر الیکشن کمیشن کے اس خط کی زبان کسی آئینی ادارے سے زیادہ کسی سیاسی پارٹی کی سی لگتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری سے کام کرنے کے بجائے اس الیکشن میں ایک فریق کے ساتھ کھڑا نظر آرہا ہے جس سے عام لوگوں کے ذہنوں میں شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔ یہ الیکشن کمیشن کی شبیہ کے لیے بھی اچھا نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن فریقین کے درمیان ہونے والی اندرونی بات چیت پر ردعمل ظاہر کر رہا ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو دی گئی شکایات پر نوٹس بھی نہیں لے رہا ہے ۔ راجستھان میں کانگریس پارٹی نے 20 سے زیادہ شکایات درج کرائیں لیکن ان پر نوٹس تک جاری نہیں کیا گیا۔