کھر گون میں آکسیجن سپلائی کرنے والی فرم کے خلاف ایف آئی آر درج

   

کھرگون ؍ بڑوانی ۔ مدھیہ پردیش کے کھر گون ضلع اسپتال کے سول سرجن نے آکسیجن سپلائی نہ کرنے پر فرم کے خلاف ایف آئی آر درج کرایا ہے ۔ سرکاری معلومات کے مطابق سول سرجن ڈاکٹر دیویش ورما کی شکایت پر اندور کی شیوم گیسز فرم کے ڈائریکٹر کے خلاف مختلف دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے ۔ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ ضلع اسپتال کھر گون میں آکسیجن سپلائی کرنے کے لئے 9 اپریل کو شیوم گیسز کو 321 ڈی ٹائپ اور ایک بی قسم کے آکسیجن کے سلنڈر ری فلنگ کرانے کے لئے آر ڈر دیا گیا تھا ، لیکن فرم کی طرف سے ایسا نہیں کیا گیا ۔ فرم کی طر ف سے معاہدے کی شرائط کے مطابق آکسیجن فراہم نہ کرنے اور گمراہ کن معلومات دینے سے اسپتال میں کو ئی ناخوشگوار واقع پیش آنے کے خدشے کے پیش نظر پولیس میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔محکمہ صحت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کھرگون میں24 گھنٹوں کے دوران87 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور154 متاثرہ افراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔ ضلع میں اب تک 7221 مریضوں میں سے6543 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں ، جبکہ 125 افراد فوت ہوگئے ہیں ۔ ضلع میں 36 مراکز پر 2293 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔