کھمم ۔16 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تعلیم سے ہی تمام طبقات کی ترقی ممکن ہے ۔ کھمم شہر کے چاروں جانب قبرستان کے لیے اراضی مختص کی جائے گی ، ہر سال رمضان سے قبل ہی کھمم شہر کے تمام مساجد کے جزوی کاموں کے لیے رقم منظور کردی جائیگی۔اردو گھر شادی خانہ میں منعقدہ تقریب برائے منظورہ رقم مساجد کھمم شہر کے تقسیم کے موقع پر رکن اسمبلی و ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام طبقات کی ترقی تعلیم میں ہی ہے ۔ تلنگانہ کانگریس حکومت عالمی سطح پر تعلیم کو پروان چڑھانے کے لیے ینگ انڈیا انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولس کا جال بچھایا جارہا ہے ۔ ٹی ناگیشور راؤ نے اپنے ہاتھوں سے کھمم شہر کے 63 مساجد کو منظور شدہ 63 لاکھ روپئے کے چیکس کی تقسیم کی ، فی مسجد کو ایک لاکھ روپے کے حساب سے 63 مساجد کو 63 لاکھ روپے کی تقسیم عمل میں لائی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے کہا کہ گزشتہ رمضان سے قبل ہی اس رقم کی تقسیم ہوناتھا لیکن پارلیمانی انتخابات کی وجہ سے الیکشن کوڈ نافذ تھا اس لئے یہ تقسیم عمل میں نہیں آئی ۔ ہر سال رمضان سے قبل ہی مساجد کے مرمتی کاموں کے لیے ایک ایک لاکھ روپئے تقسیم کرنے کا انھوں نے تیقن دیا ۔ کھمم شہر کے چاروں جانب قبرستانوں کے لیے اراضی مختص کرنے کا ٹی ناگیشور راؤ نے تیقن دیا ۔ اس موقع پر رائلہ ناگیشور راؤ ، کھمم بلدیہ کارپوریشن میر نیرجا ، ڈپٹی میر فاطمتہ الزہرا ، سینئر کانگریس قائد چھوٹے بابا ، کھمم ضلع اقلیتی کانگریس صدر حافظ عباس موجود تھے۔