کھویا ہوا پرس واپس کرنے پر پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی ستائش

   

دبئی ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دبئی میںایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کی زبردست ستائش کی گئی جب اس نے ہندوستان کی ایک طالبہ کا کھویا ہوا پرس جس میں نقدی کے علاوہ برطانیہ کا ویزا بھی موجود تھا ، کو واپس کردیا ۔ راچبل روز جو کیرالا کی ساکن ہے اور لنکاسٹر یونیورسٹی میں قانون کی طالبہ ہے ، اپنے دوست کی سالگرہ پارٹی میں جارہی تھی۔ ٹیکسی سے مدثر اسکوائر پر اترنے کے بعد اپنا پرس وہ ٹیکسی میں ہی بھول گئی تھی ۔ اس ہندوستانی خاندان نے فوری طور پر پولیس سے مدد لینے کا فیصلہ کیا تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج بھی کوئی کام نہ آئی کیونکہ ٹیکسی کا نمبر پلیٹ غیر واضح تھا ۔ دریں اثناء خادم نامی ٹیکسی لارائیور نے مزید دو ٹرپس (Trips) مکمل کرلیں اور اس نے ٹیکسی میں ہندوستانی خاتون کا بھولا ہوا پرس دیکھ لیا ۔ اس نے آر ٹی اے کو فون کیا لیکن روز سے اس کا رابطہ قائم نہیں ہوسکا لیکن کچھ دیر بعد ہی آر ٹی اے نے خادم سے رابطہ قائم کیا اور کھویا ہوا پرس روز کو واپس مل گیا ۔ پرس میں 1000 درہم ( 19000 روپئے) اور یو کے اسٹوڈنٹ ویزا موجود تھا ۔ روز کے ولد نے خادم کو انعام کے طور پر 600 درہم (11500 روپئے) دینا چاہے لیکن خادم نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ روز اس کی چھوٹی بہن کی طرح ہے۔