کیا امریکہ نے ہمارے پائلٹ کو رہا کرکے ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے :عمر عبداللہ

,

   

سری نگر،28 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کہ ‘ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے خوشگوار خبریں موصول ہورہی ہیں’ پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ ‘کیا امریکہ نے ہمارے پائلٹ کی رہائی کو یقینی بناکر ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے ‘۔واضح رہے کہ امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی کے حوالے سے اب خوشگوار خبریں موصول ہورہی ہیں، طرفین کے درمیان عرصہ دراز سے جاری کشیدگی بہت جلد ختم ہوگی۔ عمر عبداللہ نے امریکی صدر کے اس بیان پر مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ‘چلو امریکہ نے ہمارے پائاٹ کی رہائی کو یقینی بنایا ہے اور اس کے بدلے ہندوستان کو کشیدگی ختم کرنے پر راضی کیا ہے ، اس بیان سے میں نے یہی سمجھ لیا ہے ‘۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی منگل کے روز اُس وقت مزید بڑھ گئی جب ہندوستانی جنگی طیاروں نے سرحد پار پاکستانی صوبہ خیبر پختونخواہ میں جیش محمد کے ٹھکانوں پر کارروائیاں کرنے کا دعوی کیا۔بعد ازاں پاکستان نے بھی جوابی کارروائی کرکے ہندوستان کے دو جنگی طیارے کو گرا نے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔