گجویل میں کامیابی بھی بہت کم ووٹوں کے فرق سے ہوسکتی ہے
حیدرآباد 30نومبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو حلقہ اسمبلی کاماریڈی میں شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور حلقہ اسمبلی گجویل سے ان کی کامیابی کا مارجن بہت کم ہوگا !اس کے علاوہ تلنگانہ میں موجودہ 5 سے زائد وزراء کو اسمبلی انتخابات میں عوام نے شکست سے دوچار کرنے کا فیصلہ کردیا ہے۔ تلنگانہ میں رائے دہی کی تکمیل کے ساتھ ہی جاری کئے جانے والے مختلف سروے کے جو نتائج منظر عام پر آئے ہیں ان کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو کاماریڈی سے شکست کا سامنا کرنا پڑے گا اور گجویل میںان کی کامیابی بھی بہت کم ووٹوں سے ہونے کا امکان ہے۔ چیف منسٹر کی ایک حلقہ اسمبلی سے شکست بی آر ایس سے عوامی ناراضگی کے اظہار کی علامت ہوگی ۔ اس کے علاوہ یہ بھی دعوے کئے جارہے ہیںکہ پانچ وزراء کو بھی عوام کی ناراضگی کا سامنا رہا اور انہیں اس کا احساس 3 ڈسمبر کو نتائج کے اعلان کے وقت ہوجائیگا جہاں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔