ممبئی: مہاراشٹر کی سیاست ایک مرتبہ پھر گرمانے لگی ہے ۔ موجودہ شندے ۔ فڑنویس سرکار کو لے کر پیشین گوئیوں کا دور پھر سے شروع ہوچکا ہے ۔ ادھو ٹھاکرے گروپ کے راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے دعوی کیا ہے کہ سرکار اگلے پندرہ سے بیس دنوں میں گر جائے گی ۔ راوت نے کہا کہ اس سرکار کا ڈیتھ وارنٹ جاری ہوچکا ہے ۔ راوت کے اس دعوی سے ایک مرتبہ پھر سیاسی گلیارے میں ہلچل مچ گئی ہے ۔شیوسینا ادھو گروپ کے لیڈر سنجے راوت نے اس سلسلہ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سب اپنا اپنا حساب کتاب پیش کررہے ہیں، لیکن ہم نتیجوں کا انتظار کررہے ہیں ۔ راوت نے کہا کہ وزیراعلی اور ان کے 40 لوگوں کی فی الحال جو حکومت ہے ، وہ اگلے 15 سے 20 دنوں میں ختم ہوجائے گی ۔ میں نے ایک مرتبہ کہا تھا کہ فروری تک سرکار گر جائے گی، لیکن کورٹ کا فیصلہ تاخیر سے آرہا ہے ۔ یہ سرکار ٹکنے والی نہیں ہے، کیونکہ اس سرکار کا ‘ڈیتھ وارنٹ’ جاری ہوچکا ہے ۔ سنجے راوت نے کہا کہ اب یہ طے ہوگیا ہے کہ کون اور کب دستخط کرے گا ۔