کیر ہاسپٹل میں بیما بائی پاس سرجری کلینک کا افتتاح

   

امراض قلب کے مریضوں کو خوشخبری، وزیر داخلہ محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔25 ۔اگست (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کیر ہاسپٹل بنجارہ ہلز میں بائی پاس سرجری کی انتہائی عصری تکنیک سے لیس بیما بائی پاس سرجری کلینک کا افتتاح انجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر علاج کے معاملہ میں کیر ہاسپٹلس کو سبقت حاصل ہے اور اس نے امراض قلب کے مریضوں کے لئے نئے کلینک کا آغاز کیا ہے۔ ایسے مریض جن کی بائی پاس سرجری ضروری ہے، انہیں عصری طریقہ کار سے سرجری کی جائے گی ۔ خون کی شریانوں میں رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بائی پاس سرجری کی جاتی ہے۔ محمود علی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ بہتر علاج کی سہولتوں میں دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ سماج میں پیشہ طب ایک مقدس پیشہ ہے اور ڈاکٹرس کا کافی احترام کیا جاتا رہا ہے کیونکہ وہ انسان کی جانوں کا تحفظ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی بیماریاں ایسی ہیں جن کا علاج غریبوں کے لئے مشکل ترین مرحلہ ہے۔ غریب عوام کے لئے خطیر رقم کا انتظام کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 برسوں سے کیر ہاسپٹلس عوام کی خدمت کر رہا ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے کورونا وباء پر موثر انداز میں قابو پاتے ہوئے عوام کو نجات دلائی ہے۔ ڈاکٹر پرتیک بھٹناگر ڈائرکٹر کارڈیو تھراکک سرجری کیر ہاسپٹل نے جو گزشتہ 25 برسوں سے بائی پاس سرجری کی مہارت رکھتے ہیں، نئے طریقہ علاج پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بیما بائی پاس سرجری پر کافی ریسرچ کی جاچکی ہے۔ عصری طریقہ کار میں ہاتھ اور پیر سے رگوں کو نکالنے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور سرجری سے طویل عرصہ تک انسان امراض قلب سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر راہول میڈاکر چیف آپریٹنگ آفیسر اور دوسرے موجود تھے ۔ R