کیشو رائو اور سریش ریڈی راجیہ سبھا کیلئے منتخب

   

کے سی آر اور کے ٹی آر سے اظہار تشکر
حیدرآباد۔ 18 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی دو نشستوں کے لیے ٹی آر ایس کے امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ ڈاکٹر کے کیشو رائو اور سابق اسپیکر آندھراپردیش اسمبلی کے آر سریش ریڈی کے متفقہ انتخاب کا آج اعلان کیا گیا ہے۔ ٹی آر ایس کے علاوہ کسی اور پارٹی کے امیدوار میدان میں نہیں تھے لہٰذا پرچہ نامزدگی سے دستبرداری کی تاریخ گزرتے ہی ریٹرننگ آفیسر نے انتخاب کا اعلان کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیشو رائو اور سریش ریڈی نے راجیہ سبھا کے لیے انتخاب پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ رکن راجیہ سبھا کی حیثیت سے کے سی آر کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک سنگین صورتحال سے گزررہا ہے۔ ایسے میں علاقائی جماعتوں پر زائد ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایات کے مطابق کام کیا جائے گا۔ کیشو رائو کو دوسری مرتبہ راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ کے آر سریش ریڈی نے تلنگانہ سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب کرنے پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ٹی آر ایس اور عوام کے وقار میں اضافے کے لیے کام کریں گے۔ ملک کی موجودہ حالات کے اعتبار سے ٹی آر ایس نظریات پر مبنی آواز اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کے ٹی راما رائو سے بھی اظہار تشکر کیا۔ سریش ریڈی نے کہا کہ میری زندگی میں یہ ایک اہم چیلنج ہے۔ راجیہ سبھا کے ذریعہ ریاستوں پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس کا نام روشن کرنے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔