کیف: ہندوستانی طلباء اور دیگر غیر ملکیوں کو کیف میں ٹرینوں میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ، یہ بات یوکرین کے دارالحکومت کے ووکزل ریلوے اسٹیشن پر پھنسے ایک ہندوستانی طالب علم نے بتائی۔یہ انکشاف منگل کو ایک ویڈیو میں کیا گیا جب یہاں کے ہندوستانی سفارت خانے نے تمام ہندوستانیوں کو فوری طور پر شہر چھوڑنے کو کہا۔انش پنڈتا نامی طالب علم نے ویڈیو میں بتایا کہ ہندوستانی طالب علم ہندوستانی سفارت خانے کے مشورے پر ریلوے اسٹیشن آئے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ “گارڈز ہندوستانیوں یا غیر ملکی شہریوں کو اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ میں آپ کو دکھا سکتا ہوں کہ یہاں کتنا ہجوم ہے ، یہاں ہنگامہ آرائی ہے اور ہاتھا پائی ہو رہی ہے ، یہاں ہندوستانی بیٹھے ہیں، ہم نے اپنا جھنڈا بھی یہاں لگایا ہے کیونکہ ہر کوئی خوفزدہ ہے ۔ طالب علم نے بتایاکہ ہمیں امید ہے کہ ہندوستانی سفارت خانہ ہمیں جلد از جلد یہاں سے نکال لے گا اور ہم گھر جا سکتے ہیں۔ ہندوستانی سفارت خانہ، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں جلد از جلد یہاں سے نکالیں۔