کیمرون میں 5کی موت، 6یرغمالیوں کو بچا یا

   

یاؤنڈے: کیمرون کے شمال مغربی اور جنوب مغربی علاقوں کے شورش زدہ اینگلوفون علاقوں میں پیر کو جھڑپوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے ۔سیکورٹی اور مقامی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ایک سیکیورٹی ذریعہ نے بتایا کہ جنوب مغربی علاقے میں مشتبہ علیحدگی پسند جنگجوؤں نے علاقائی راجدھانی بوئیا میں ایک ٹیکسی پر فائرنگ کی، جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ذرائع نے بتایا یہ واقعہ پیر کی شام 7 بجے پیش آیا۔ عسکریت پسند علیحدگی پسندوں نے ان پر اس وقت قریب سے فائرنگ کی جب وہ گاڑی چلا رہے تھے ۔ فوجیوں کے پہنچنے پر وہ فوراً فرار ہوگئے ۔ مقامی پولیس نے پیر کو صحافیوں کو بتایا کہ شمال مغربی علاقے میں سرکاری فورسز نے بابا 1 کے علاقے میں پیر کو علیحدگی پسندوں کے ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا، جس میں تین علیحدگی پسند جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا اور ٹھکانے میں یرغمال بنائے گئے چھ شہریوں کو بچا لیا۔

ٹرمپ کا بیان اشتعال انگیز ایران کا سلامتی کونسل کو مکتوب
تہران: ایران نے عالمی سلامتی کونسل کو آگاہ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور دیگر امریکی عہدے داران نے ’’غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز” بیانات میں ایران پر‘‘بے بنیاد الزامات” عائد کیے اور تہران کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکی دی۔اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید اروانی نے سلامتی کونسل کے نام لکھے گئے خط میں کہا کہ “ایران ، یمن میں ہتھیاروں کی پابندی سے متعلق سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی یا خطے میں عدم استحکام کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث ہونے کے کسی بھی الزام کو یکسر مسترد کرتا ہے”۔اس سے قبل ٹرمپ نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ تہران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے چلائے جانے والی ہر گولی کے ذمہ داری ایران پر عائد ہو گی۔
حوثی باغی ایک سال سے زیادہ عرصے سے یمن کے ساحلوں کے مقابل تجارتی جہازوں کو حملوں کا نشانہ بنا رہے ہیںَ۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران کو خبردار کرنے کے لیے پیغامات دے چکے ہیں کہ یمن میں حوثیوں کی جانب سے دیگر حملوں کا ذمے دار تہران ہو گا۔ ٹرمپ نے زور دیا کہ اسے “بھیانک نتائج” کا سامنا کرنا ہو گا۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ میں واضح کیا کہ تہران حوثیوں کو ہدایات دیتا ہے اور ان کے لیے ہتھیار، مالی رقوم اور جدید عسکری ساز و سامان کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔گذشتہ ہفتے کے اختتام پر یمنی دار الحکومت صنعاء اور حوثیوں کے زیر قبضہ دیگر علاقوں میں امریکی حملوں کے نتیجے میں درجنوں افراد مارے گئے تھے۔