کینسر کے مریضوں کا سرکاری اور کارپوریٹ ہاسپٹلوں میں مفت علاج کیا جائے

   

کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی کا نریندر مودی اور کے سی آر کو مکتوب، کینسر کے علاج پر لاکھوں روپئے کا انتظام غریبوں کیلئے مشکل
حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی ٹی جئے پرکاش ریڈی (جگاریڈی) نے وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو علیحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں کینسر کے مریضوں کا علاج سرکاری اور کارپوریٹ دواخانوں میں مفت کرنے اور حکومت کی جانب سے اخراجات برداشت کرنے کی اپیل کی۔ جگاریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مکتوب کی نقل جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں زیادہ تر افراد بالخصوص خواتین پیٹ اور چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہیں اور وہ معاشی کمزوری کے نتیجہ میں علاج کے بھاری اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔ ایک شخص کے مکمل علاج کے لیے 20 لاکھ کا خرچ آتا ہے اور اس میں بھی زندگی کی کوئی ضمانت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط خاندان میں کینسر کے مریض کی موجودگی سے گھر کا سارا نظام اتھل پتھل ہوجاتا ہے۔ علاج کے لیے گھر کی ساری پونجی صرف ہوجاتی ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ گورنمنٹ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل میں کینسر کی تشخیص سے متعلق مراکز قائم کئے جائیں جہاں ضروری مشنری دستیاب ہو۔ تمام گورنمنٹ ہاسپٹلس اور کارپوریٹ ہاسپٹلس میں علاج کی بہتر سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ہاسپٹلس کینسر کے علاج کو آروگیہ شری کے تحت شامل نہیں کررہے ہیں۔ جگاریڈی نے تجویز پیش کی کہ مرکز اور ریاستی حکومت غریب اور متوسط خاندانوں کے علاج کے تمام اخراجات برداشت کرے کیوں کہ روزانہ کئی قیمتی جانوں کو بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو کینسر کے مفت علاج کے سلسلہ میں اسکیم کا اعلان کرنا چاہئے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ جس طرح مشن کاکتیہ اور مشن بھگیرتا اسکیمات پر بھاری رقومات خرچ کی جارہی ہیں اسی طرح غریب کینسر کے مریضوں کے لیے بھی مفت علاج کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یہ اپنے نوعیت کی منفرد اسکیم ہوگی۔ حکومت عوام کی بھلائی کے لیے مختلف ا سکیمات کا اعلان کرتی ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ کینسر کے مریضوں کے علاج پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگو اور دیگر وبائی امراض کے سبب کئی خاندان مسائل کا شکار ہیں۔ ڈینگو اور وبائی امراض کے علاج کے لیے لوگ کسی طرح رقم کا انتظام کرپاتے ہیں جبکہ کینسر کے لیے بھاری رقم کا انتظام کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چیف منسٹر ملاقات کا وقت دیں تو وہ کینسر کے مریضوں کے مسائل سے واقف کرائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن اور مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے وہ مرکز سے نمائندگی کے لیے خواہش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس بجٹ کی موجودگی کے بارے میں عوام میں مباحث جاری ہیں لیکن حکومت نے مالی موقف کے بارے میں آج تک وضاحت نہیں کی۔ چیف منسٹر نے بارہا تلنگانہ کو دولتمند ریاست قراردیا ہے ایسے میں مجھے امید ہے کہ چیف منسٹر غریب کینسر کے مریضوں کی بھلائی کے لیے ضرور اعلان کریں گے۔