ٹورنٹو ۔ 21 اکٹوبر (ایجنسیز) کینیڈا کے شہر آشوا (Oshawa) میں مسجد کے بانی رکن کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے، جس پر والد کے قتل کا الزام ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 80 سالہ ابراہیم بالا، جو آشوا مسجد کے بانی ممبران میں سے ایک تھے، کو 16 اکتوبر کو مسجد کے قریب قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے تحقیقات کے بعد ان کے 42 سالہ بیٹے صہیب بالا کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ قتل کے محرکات کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
ونیزویلا میں کان منہدم ہونے کے مقام سے 12نعشیں برآمد
کراکس، 21اکتوبر (یو این آئی) ونیزویلا کی جنوبی بولیوار ریاست میں ایک کان منہدم ہونے کے بعد بارہ نعشیں نکالی گئی ہیں۔ گورنر یولسبتھ گارسیا نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ایک اہلکار نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ریسکیو کارکنوں نے ایل کالاؤ شہر میں کواترو اسکوناس کان سے 168 گھنٹے کی مسلسل تلاش کے بعد یہ نعشیں نکالیں۔ گزشتہ ہفتے شدید بارشوں کی وجہ سے کان منہدم ہو گئی تھی، جس سے 14 کان کن زیر زمین پھنس گئے تھے ۔گارسیا نے کہا کہ یہ آپریشن سول ڈیفنس کے اہلکاروں، فائر فائٹرز، اور کان کنوں کی مشترکہ کوشش تھی، جوعوامی فوجی ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے تھے۔ گورنر نے کہا کہ ہم تمام متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ گہری تعزیت اور مکمل تعاون کا اظہار کرتے ہیں۔