ٹورنٹو : کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں طیارہ گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، طیارہ حادثہ کے باعث بھارت کے 2 زیر تربیت پائلٹس ہلاک ہوگئے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کینیڈین حکام کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ دو انجن پر مشتمل چھوٹے طیارہ میں سوار ایک اور پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔ سیکوریٹی اداروں نے طیارہ گرنے کے مقام کو سیل کردیا ہے، جبکہ طیارہ کے ملبے کو ہٹانے کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، طیارہ تباہ ہونے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔اس سے قبل آسٹریلیا میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس کے نتیجے میں 3 بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے، طیارہ تباہ ہونے سے قبل پائلٹ سے ہونے والی گفتگو کی ایک سنسنی خیز آڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔ آسٹریلوی شہر کینبرا سے اڑان بھرتے ہی ایک چھوٹا طیارہ ساؤتھ ویلز جاتے ہوئے ایک جھیل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار دادا اپنے تین پوتے پوتیوں سمیت لقمہ اجل بن گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ کینبرا سے اڑان بھرتے ہی طیارہ میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی جس کے سبب حادثہ رونما ہوا۔
یہ واقعہ جمعہ کی سہ پہر 3 بجے کے قریب پیش آیا، جب دیہی فائر سروس کے افسران نے جائے وقوع پہنچ کر آگ پر قابو پایا تو چار سیٹوں والا طیارہ سیرس پوری طرح تباہ ہو چکا تھا۔