واشنگٹن : امریکہ میں کیپٹل حملہ کیس میں ٹرمپ کو بائیڈن انتظامیہ کے خلاف اسٹے آرڈر مل گیا ہے۔ سابق صدرٹرمپ نے تحقیقات کے لیے ذاتی ریکارڈ پیش کرنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس پر وفاقی عدالت نے ٹرمپ کی ہنگامی درخواست پر 30نومبر تک اسٹے آرڈر دے دیا ہے۔ امریکی صدر بائیڈن نے ٹرمپ کا ذاتی ریکارڈ پیش کرنے کے لیے صدارتی استثناختم کیا تھا۔ کانگریس کی کمیٹی نے 6جنوری کے حملے کی تحقیقات کے لیے ریکارڈ طلب کر رکھا تھا۔ اس سے قبل سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ امریکی سینیٹ میں کیپٹل ہل پر ہنگامہ آرائی اور ہجوم کو بغاوت پر اکسانے کے الزام پر مواخذے کے مقدمہ سے بری ہو گئے تھے۔ ٹرمپ کو اگر سزا مل جاتی تو امریکی سینیٹ انہیں دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے سے روکنے کے لیے ووٹ دے سکتی تھی۔