حیدرآباد۔23 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) محکمہ جنگلات کی جانب سے شہر کے مختلف پارکس میں خدمات انجام دینے والے عملہ کے تبادلہ میں کی جانے والی کوتاہی کے نتیجہ میں عہدیدارو ںاور عملہ میں محکمہ جاتی کاروائی کا کوئی خوف نہیں ہے۔ کے بی آر پارک میں خدمات انجام دینے والا عملہ جو کہ گذشتہ 5برسوں سے ایک ہی جگہ پر خدمات انجام دے رہا ہے اس عملہ کی جانب سے کے بی آر پارک میں چہل قدمی کے لئے اور سیر و تفریح کے لئے پہنچنے والوں کو ہراسانی کا سلسلہ جاری ہے اور انہیں اس بات کا بھی خوف نہیں ہے کہ اگر ان کی شکایت کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان کا اس جگہ سے تبادلہ کردیا جائے گا یا ان کے خلاف کوئی محکمہ جاتی کاروائی ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات کی جانب سے جنگلات کے تحت موجود پارکس میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں اور عملہ کی طویل مدت تک تبادلہ نہ کئے جانے کے سبب وہ ان سرکاری پارکس کو اپنی جائیداد تصور کر رہے ہیں اور من مانی کر نے لگے ہیں۔ کے بی آر پارک جہاں شہر کے سرکردہ اہم شخصیات چہل قدمی کے لئے پہنچتے ہیں اس کے باوجود کے بی آر پارک میں خدمات انجام دینے والے عملہ کا ان کے ہمراہ رویہ انتہائی بدبختانہ ہے اور اس سلسلہ میں عہدیداروں سے کی جانے والی شکایات کا بھی کوئی اثر نہیں ہورہا ہے جس کے نتیجہ میں عملہ کی حوصلہ افزائی ہونے لگی ہے اور وہ اپنی من مانیوں میں دن بہ دن اضافہ کرنے لگے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عملہ میں شامل افراد کے خلاف اگر کوئی شکایت کی جاتی ہے تو عملہ کے دیگر ملازمین شکایت کنندہ کو جھوٹا ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے نتیجہ میں عہدیداران کاروائی نہیں کر پاتے علاوہ ازیں ان عہدیداروں اور عملہ کے درمیان پائے جانے والے سانٹھ گانٹھ کے نتیجہ میں ملازمین کے تبادلہ نہیں کئے جا رہے ہیں جو کہ ان ملازمین کے رویہ کو مزید کرخت کرنے کا موجب بن رہا ہے۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو کے بی آر پارک میں جہاں روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ چہل قدمی اور تفریح کی غرض سے پہنچتے ہیں انہیں عہدیداروں اور عملہ کے رویہ سے محفوظ رکھنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے مکمل عملہ کی تبدیلی کا فیصلہ کرنا چاہئے اور اس سلسلہ میں اپنے طور پر جانچ کو یقینی بناتے ہوئے کاروائی بھی ناگزیر ہے۔3