کے سی آر ، وزراء اور پارلیمانی سکریٹریز کے انتخاب میں مصروف

,

   

متعدد ناموں پر غوروخوص جاری ، دو دن میں قطعی فیصلہ متوقع،سب کو مطمئن کرنے پر توجہ

حیدرآباد ۔ 28جنوری ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنی پارٹی کے تقریباً 90ارکان کے منجملہ انتہائی محدود تعداد میں وزراء کے انتخاب کے مسئلہ کا سامنا ہے ۔ چنانچہ انہوں نے وزارتی عہدوں کے خواہشمند قائدین کی کثیر تعداد کو مطلع کرنے کیلئے ایک درجن پارلیمانی سکریٹریز مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ڈپٹی اسپیکر ، چیف وھپ اور تین وھپس کے انتخاب کے علاوہ زیادہ سے زیادہ 17 وزراء کا تقرر کرسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آر ٹی سی ، ٹی ایس آئی ڈی سی ، ٹی ایس آئی آئی سی ، ڈیری ڈیولپمنٹ کارپوریشنس جیسے چند سرکاری کارپوریشنوں کے صدور نشین بھی مقرر کئے جاسکتے ہیں ۔ باور کیا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر آئندہ چند دنوں میں اپنی کابینہ میں پہلے مرحلے کی توسیع کے موقع پر 8 تا 10 وزراء شامل کرسکتے ہیں ، جس کے ساتھ ہی مارچ اور اپریل میں منعقد شدنی لوک سبھا انتخابات کے انعقاد تک مزید کسی توسیع کے امکانات ختم ہوجائیں گے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ پارلیمانی سکریٹریز کے تقررات متعدد ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کی خواہش کی بڑی حد تک تکمیل کرسکتے ہیں ۔ باخبر ذرائع کے مطابق چیف منسٹر گذشتہ روز ہی وزراء ، ڈپٹی اسپیکر ، وھپ اور چیف وھپس کے علاوہ پارلیمانی سکریٹریوں کے انتخاب کیلئے غور و خوض میں مصروف رہے ، یہ عمل آج بھی جاری رہا ۔ ممکن ہے کہ آئندہ ایک یا دو دن میں قطعی فیصلہ کرلیا جائے گا ۔