کے سی آر اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں سے منحرف

   

محبوب نگر میں ٹی پی سی سی ترجمان ظہیر اختر کی پریس کانفرنس
محبوب نگر۔/14جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں سے کئے گئے وعدوں سے منحرف ہوگئے اور 12فیصد تحفظات پر خاموش ہی۔ یہ الزامات ظہیر اخترٹی پی سی سی ترجمان نے جمعرات کے دن ضلع کانگریس کے دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں لگائے اور کہا کہ وقف بورڈ کو عدالتی اختیارات سے محروم رکھنے کے نتیجہ میں ریاست کی لاکھوں ایکر وقف اراضی ناجائز قبضوں میں جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلم شادی خانے کی تعمیر کا خیرمقدم کرتی ہے لیکن عید گاہ کی بجائے آبادی والے علاقے میںتعمیر کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے ریاستی کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی مذمت کی اور سوال کیا کہ ریاست میں کسانوںکو 8 گھنٹے معیاری برقی کہاں فراہم ہورہی ہے۔ انہوں نے بی آر ایس کے دھرنا دینے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ حکومت میں رہ کر دھرنا دینا کیسی بات ہے؟ انہوں نے پیش قیاسی کی کہ آئندہ انتخابات میں کسان ہی بی آر ایس کو بہتر جواب دیں گے۔ اس موقع پر میڈیا سیل کنوینرس جے بنہر، سراج قادری، خواجہ عظمت علی، محمد ظہیر، سراج، شبیر علی، معزاور دیگر موجود تھے۔