ریونت ریڈی نے کوچی میں یو ڈی ایف کا انتخابی منشور جاری کیا، کیرالا الیکشن میں کانگریس زیر قیادت اتحاد کی کامیابی کا یقین، دو روزہ انتخابی مہم
حیدرآباد ۔2 ۔ اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کیرالا کے چیف منسٹر پی وجین اور بی آر ایس سربراہ کے سی آر دونوں کرپشن ، ناقص حکمرانی اور خاندانی راج کیلئے ملک میں شہرت رکھتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے آج مسلسل دوسرے دن کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ انہوں نے کوچی میں یو ڈی ایف قائدین کے ہمراہ انتخابی منشور جاری کیا جس میں عوام سے کئی وعدے کئے گئے ہیں۔ کانگریس کے اسٹار کیمپینر کے طور پر ریونت ریڈی کے کیرالا کی انتخابی مہم میں مصروف رہے ۔ اپوزیشن لیڈر وی ڈی ستیشن کے ہمراہ ریونت ریڈی نے انتخابی منشور جاری کیا جس میں تلنگانہ کی طرح 6 ضمانتوں کا وعد کیا گیا۔ ریونت ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ میں 10 برسوں تک کے سی آر نے حکمرانی کی اور کیرالا میں پی وجین کی حکومت رہی۔ دونوں حکومتوں میں کئی اعتبار سے یکسانیت ہے۔ حکومت میں خاندان کی مداخلت ، بڑ ے پیمانے پر کرپشن اور ناقص حکمرانی دونوں ریاستوں میں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ میں عوام نے حکومت کو تبدیل کرتے ہوئے کانگریس کو اقتدار کا موقع دیا ، اسی طرح کیرالا کی عوام بھی تبدیلی کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا کے رائے دہندوں نے یو ڈی ایف برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور بائیں بازو محاذ کو شکست ہوگی۔ چیف منسٹر نے یو ڈی ایف کی ضمانتوں پر تنقید کرنے والی پارٹیوں کو چیلنج کیا کہ وہ تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے ضمانتوں پر عمل آوری کا مشاہدہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کے تحت تلنگانہ میں نافذ اسکیمات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کیرالا میں عمل آوری کا یقین کیا جاسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر پی وجین اور ان کے وزراء تلنگانہ کا دورہ کریں تو انہیں ضمانت پر عمل آوری سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں یو ڈی ایف کا سنہری دور شروع ہوچکا ہے ۔ ریونت ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر وجین پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ملک کیرالا کو ’’مودی برادرس‘‘ چلا رہے ہیں۔1
ریونت ریڈی نے کہا کہ بدعنوانیوں پر قابو پانا اور مرکزی اسکیمات سے زائد استفادہ کے علاوہ فنڈس کا استعمال ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ ریاستوں کو مرکزی فنڈس نریندر مودی کی مہربانی نہیں بلکہ عوام کا حق ہے۔ تلنگانہ میں 25 لاکھ کسانوں کے 21000 کروڑ کے قرض معاف کئے گئے۔ نوجوانوں کو سرکاری محکمہ جات میں 67173 ملازمتیں فراہم کی گئیں۔آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے لئے غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ یو ڈی ایف کے انتخابی منشور میں خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر ، کالج کی طالبات کو ماہانہ ایک ہزار روپئے امداد ، پنشن کو بڑھاکر ماہانہ 3000 کرنے ، ہر خاندان کو 25 لاکھ روپئے ہیلت انشورنس اور نوجوانوں کیلئے پانچ لاکھ روپئے بلا سودی قرض جیسے وعدے شامل کئے گئے۔1