کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کیلئے فکر مند: امیت شاہ

   

مجلس کے اشارہ پر چلنے والی حکومت کو اُکھاڑ پھینکنے کی اپیل، عادل آباد میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے تلنگانہ عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی کو برسراقتدار لائیں تاکہ ریاست اور عوام کی خوشحالی یقینی ہوسکے۔ امیت شاہ آج عادل آباد میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ جنا گرجنا سبھا سے خطاب کررہے تھے۔ مجاہد آزادی کمرم بھیم کی سرزمین کا حوالہ دیتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ کمرم بھیم سے منسوب مقدس سرزمین عادل آباد پر آمد میرے لئے باعث اطمینان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں تلنگانہ میں بی جے پی حکومت تشکیل پائے گی اور 3 ڈسمبر کو حیدرآباد میں بی جے پی کا پرچم لہرائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی ڈبل انجن سرکار کی تشکیل کا وقت قریب ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ کے سی آر کے رویہ کے نتیجہ میں گریجن طبقات کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور ٹرائیبل یونیورسٹی کے قیام میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت نے یونیورسٹی کیلئے اراضی کی نشاندہی نہیں کی تھی جس کے نتیجہ میں مرکز کو یونیورسٹی کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کرشنا ٹریبونل کے قواعد میں ترمیم کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے تلنگانہ کیلئے پانی کے بحران کا حل تلاش کیا ہے۔ گذشتہ 10 برسوں میں کے سی آر نے غریبوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی۔ کسان، دلت اور گریجن طبقات کی بھلائی نہیں کی گئی۔ مودی حکومت نے خواتین کیلئے قانون ساز اداروں میں 33 فیصد تحفظات کے قانون کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب خاتون کو مودی حکومت نے رعایتی قیمت پر پکوان گیس سلینڈر سربراہ کیا ہے۔ کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں راست طور پر سالانہ 6 ہزار روپئے جمع کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیشہ کے غریب خاندان میں جنم لینے والی خاتون دروپدی مرمو کو مودی حکومت نے صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی غریبوں کے بارے میں بیان بازی کرتی ہے لیکن غریبوں کی بھلائی کیلئے کچھ نہیں کیاگیا۔ کانگریس کی سابقہ حکومتوں نے غریبوں اور کمزور طبقات کو فراموش کردیا۔ انتخابات آتے ہی کانگریس کو غریبوں کی یاد ستانے لگی ہے اور کانگریس لباس تبدیل کرکے میدان میں آچکی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ گذشتہ نو برسوں میں نریندر مودی حکومت پر بدعنوانی کا کوئی الزام نہیں رہا۔ کے سی آر نے گریجن طبقات سے کئی وعدے کئے تھے لیکن ان پر عمل نہیں کیا گیا۔ گریجن طبقات کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ دلتوں اور گریجن طبقات کیلئے مودی حکومت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے 10 برسوں میں صرف اپنے خاندان کی بھلائی کی فکر کی ہے۔ امیت شاہ نے عوام سے سوال کیا کہ کیا ایودھیا میں رام مندر تعمیر کیا جائے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر میں دفعہ 370 کی برخواستگی کے ذریعہ عوام کو نجات دلائی گئی۔ سرجیکل اسٹرائیک کے ذریعہ دشمنوں کا صفایا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کا دعویٰ ہے کہ تلنگانہ کو ملک کی نمبر ون ریاست بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانیوں، کرپشن اور کسانوں کی خودکشی معاملہ میں تلنگانہ ملک کی نمبر ون ریاست ہے۔ کے سی آر کا انتخابی نشان کار ہے لیکن کار کا اسٹیرنگ اویسی کے ہاتھوں میں ہے۔ مجلس کے پاس جس کا اسٹیرنگ ہو تلنگانہ میں ایسی سرکار کی کیا ضرورت ہے۔امیت شاہ نے عوام سے سوال کیا کہ کیا تلنگانہ میں مجلس کے اشارہ پر چلنے والی سرکار چاہیئے؟۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مجلس کے اشارہ پر چلنے والی کے سی آر سرکار کو اکھاڑ پھینکیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے مفت ٹیکے سربراہ کرتے ہوئے تلنگانہ عوام کو کورونا سے محفوظ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ دلت بندھو اسکیم کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جارہی ہے لیکن اس سے صرف محدود تعداد میں فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے کے سی آر سے سوال کیا کہ دلتوں کیلئے 3 ایکر اراضی سے متعلق وعدہ کا کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نئے رضاکار سے تلنگانہ کا تحفظ صرف بی جے پی کرسکتی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس برسراقتدار آنے پر کے سی آر کے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنایا جائے گا اور بی جے پی برسراقتدار آنے پر درج فہرست قبائیل کو نوکریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے سبب ملک میں امن اور سکون ہے اور دہشت گردوں کو پاکستان میں گھس کر مودی حکومت نے صفایا کیا ہے۔ تلنگانہ کی نئے رضاکاروں کی حکومت کا خاتمہ بھی بی جے پی کرے گی۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے نے کہا کہ اسمبلی چناؤ کے بعد تلنگانہ میں مودی راج کا آغاز ہوگا اور کوئی طاقت روک نہیں پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سردارولبھ بھائی پٹیل نے حیدرآباد اسٹیٹ کو انڈین یونین میں ضم کیا تھا۔ امیت شاہ موجودہ دور کے سردار پٹیل ہیں۔