چیمبر میں کچھ وقت گذارا، بی اے سی اجلاس میں شرکت کے بغیر واپس
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج تیسری مرتبہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کی۔ گورنر کے خطبہ کے موقع پر کے سی آر ایوان میں قائد اپوزیشن کی نشست پر دیکھے گئے۔ کے سی آر بجٹ سیشن کے دوران بھی روزانہ اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں اس بارے میں صورتحال غیر واضح ہے۔ کے سی آر کی آمد سے واپسی تک وہ قائدین اور سیول و پولیس عہدیداروں کی توجہ کا مرکز رہے۔ کے سی آر کو جو 10 برسوں تک چیف منسٹر کی حیثیت سے خصوصی راستہ سے ایوان پہنچتے رہے آج انہیں ارکان اسمبلی کے باب الداخلہ سے اسمبلی پہنچنا پڑا۔ اسمبلی پہنچنے پر بی آر ایس ارکان اسمبلی نے ان کا استقبال کیا۔ کے سی آر اسمبلی کے سیکوریٹی عملے اور عہدیداروں کو ہاتھ جوڑ کر نمستے کرتے ہوئے ارکان کے ساتھ آگے بڑھے اور احاطہ اسمبلی میں موجود اپنے چیمبر میں کچھ دیر توقف کیا اور پارٹی ارکان سے ملاقات کی۔ کے سی آر پہلی مرتبہ رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف برداری کیلئے اسمبلی آئے تھے۔ گذشتہ بجٹ سیشن میں انہوں نے بجٹ کی پیشکشی کے دن اجلاس میں شرکت کی تھی۔ آج بھی بجٹ اجلاس کے پہلے دن وہ ایوان میں شریک ہوئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر بجٹ کی پیشکشی کے موقع پر موجود رہیں گے۔ کے سی آر، گورنر کے خطبہ کے اختتام کے فوری بعد اسمبلی سے واپس ہوگئے۔ انہوں نے بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی جبکہ قائد اپوزیشن کمیٹی میں شامل ہوتے ہیں۔ ان کی جانب سے ہریش راؤ اور پرشانت ریڈی نے بی اے سی اجلاس میں شرکت کی۔1