کے سی آر حکومت تمام طبقات کی یکساں ترقی کی پابند

   

واشرمین اسوسی ایشن کے وفد کی ونود کمار سے ملاقات
حیدرآباد ۔4۔ مارچ (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام طبقات کے ساتھ یکساں انصاف پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کو ہر شعبہ میں مناسب ترقی کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ واشرمین اسوسی ایشن کے نمائندوں نے ونود کمار سے آج ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی اور واشرمین طبقہ کو ایس سی طبقات کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی۔ ونود کمار نے کہا کہ تمام طبقات کی بھلائی کے سی آر حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ واشرمین کی ریاستی تنظیم نے ونود کمار سے خواہش کی کہ اس طبقہ کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے انہیں ایس سی زمرہ میں مراعات فراہم کی جائیں۔ ملک بھر میں 18 ریاستوں میں واشرمین طبقہ کو ایس سی زمرہ میں شامل کیا ہے۔ اسوسی ایشن نے اس طبقہ کو ایس سی درجہ دینے کے علاوہ بجٹ میں مناسب فنڈس مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ ونود کمار نے تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ کو چیف منسٹر کے سی آر سے رجوع کریں گے ۔ تلنگانہ رجکا سنگم سمیتی کے ریاستی کنوینر سرینواس کی قیادت میں ایم گنیش ، کے ستیہ نارائنا ، کمار سوامی ، سمپت ، کے سرینواس اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔