کے سی آر حکومت کے کرپشن کے خلاف تحقیقات کیلئے بی جے پی کو چیلنج

,

   

تلنگانہ میں ٹی آرایس کی بی ٹیم ،سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور سابق رکن لوک سبھا پونم پربھاکر نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ وہ کے سی آر حکومت کی بدعنوانیوں اور کرپشن کے خلاف مرکز سے تحقیقات کا اعلان کریں۔ بصورت دیگر یہ سمجھا جائے گا کہ ٹی آر ایس حقیقت میں بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر لکشمن کو روانہ کردہ مکتوب جاری کیا جس میں انہوں نے ڈاکٹر لکشمن کی جانب سے کانگریس پر تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ اور بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا نے تلنگانہ کے دورہ کے موقع پر ٹی آر ایس حکومت کے خلاف کئی الزامات عائد کئے تھے ۔ بی جے پی کے ریاستی قائدین بھی پراجکٹس میں بے قاعدگیوں اور کرپشن کا الزام عائد کر رہے ہیں لیکن کسی نے حکومت کے خلاف تحقیقات کیلئے مرکز سے نمائندگی نہیں کی ۔ پونم پربھاکر نے ڈاکٹر لکشمن سے مطالبہ کیا کہ وہ کانگریس کے خلاف اپنے ریمارکس واپس لیتے ہوئے معذرت خواہی کریں۔ انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو جے پی نڈا حیدرآباد آئے تھے اور ٹی آر ایس پر بدعنوانیوں کا الزام عائد کیا ۔ 23 اگست کو پونم پربھاکر نے قومی صدر امیت شاہ کو مکتوب روانہ کیا جس میں انہوں نے جے پی نڈا کے الزامات کے حوالے سے سی بی آئی تحقیقات کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی ٹی آر ایس کے خلاف الزام تراشی محض ایک دھوکہ ہے جبکہ حقیقت میں دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی تائید کر رہی ہے ۔ راجیہ سبھا میں بلز کی منظوری کے لئے چیف منسٹر کے رشتہ دار رکن راجیہ سبھا کو خصوصی فلائیٹ سے روانہ کر تے ہوئے بی جے پی کی تائید کی گئی۔ پونم پربھاکر نے ڈاکٹر لکشمن کو چیلنج کیا کہ گزشتہ 6 برسوں میں مرکز کی جانب سے تلنگانہ کے حق میں کسی فیصلہ کا انکشاف کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ کیونکہ وہ مرکز سے تلنگانہ کیلئے کچھ بھی حاصل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔

بی جے پی قائدین کو کانگریس پر تنقید کا کوئی حق نہیں ۔ حضور نگر میں بی جے پی کو 3000 ووٹ بھی حاصل نہیں ہوں گے ۔ تلنگانہ میں چار لوک سبھا نشستوں پر کامیابی محض اتفاق ہے اور بی جے پی نے انتخابی مہم کو فر قہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی۔ آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ 2004 ء سے 2014 ء تک کانگریس دور حکومت میں آر ٹی سی ملازمین نے ایک دن بھی ہڑتال نہیں کی تھی۔ کے سی آر حکومت آر ٹی سی کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ آندھراپردیش کی حکومت نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرلیا لیکن کے سی آر اس کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی تائید کرے گی۔