ملاقات کیلئے وقت دینے کی خواہش ، دستاویزی ثبوت پیش کرنے ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں اور ڈرگس اسکام پر نمائندگی کے لئے کانگریس پارٹی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کا وقت مانگا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے 17 ستمبر کو دورہ حیدرآباد کے موقع پر کانگریس وفد کو ملاقات کا وقت دینے کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ اور ارکان مقننہ پر مشتمل 10 رکنی وفد امیت شاہ سے ملاقات کرتے ہوئے کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کی تفصیلات دستاویزی ثبوت کے ساتھ پیش کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ڈرگس کا چلن عام ہوچکا ہے اورحکومت اسکام میں ملوث افراد کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لہذا کانگریس پارٹی مرکزی تحقیقاتی ادارہ کی خصوصی ٹیم کے ذریعہ جانچ کی مانگ کرتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی قائدین روزانہ کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کا حوالہ دے رہے ہیں لیکن انہوں نے تحقیقات کیلئے امیت شاہ سے نمائندگی نہیں کی۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی کا کہنا ہے کہ بدعنوانیوں کے ثبوت دستیاب نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں اور دولت و اثاثہ جات کے بارے میں دستاویزی ثبوت پیش کرے گی بشرطیکہ امیت شاہ ملاقات کا وقت دیں۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ، ڈائرکٹوریٹ آف ریونیو انٹلیجنس ، نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور ریاستی وزارت داخلہ کے عہدیداروں پر مشتمل SIT تشکیل دی جائے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کے محکمہ اکسائز نے ڈرگس معاملہ کی تحقیقات میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔ کانگریس کی جانب سے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کے بعد انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے تحقیقات کا آغاز کیا لیکن ریاستی حکومت تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برقی پراجکٹس ، برقی کی خریداری کے معاہدات ، آبپاشی پراجکٹس اور مائیننگ لیز نے کے سی آر خاندان نے بھاری رقومات حاصل کی ہے جس کا ثبوت کانگریس کے پاس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے ڈرگس ، شراب اور گانجہ کی فروخت کو ریاست بھر میں عام کردیا ہے ۔ انہوں نے سعید آباد میں کمسن لڑکی کے قتل کے معاملہ میں چیف منسٹر کی خاموشی پر تنقید کی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے آج تک اس واقعہ پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ سنگارینی کالونی کے مقامی افراد نے بتایا کہ یہ علاقہ گانجہ اور ڈرگس کی فروخت کا مرکز ہے۔ R