کے سی آر صاحب کو غصہ کیوں آتا ہے ؟

   

کیا میں خطاب کئے بغیر چلا جاؤں ‘ کارکنوں سے سوال
حیدرآباد 15 نومبر ( سیاست نیوز ) انتخابات کے موسم میں سیاسی قائدین عوام اور اپنے کارکنوں کے جوش و خروش سے عموما خوش ہوتے ہیں۔ تاہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے حامیوں کی مسلسل سیٹیوں سے برہم ہوگئے اور انہوں نے سوال کیا کہ ’’ کیا آپ لوگ چاہتے ہیں کہ میں خطاب کئے بغیر چلا جاؤں‘‘۔ بی آر ایس سربراہ یومیہ ایک سے زائد انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں۔ تقریر کیلئے ان کی آمد پر عوام اور کارکن شور کرتے ہوئے ان کا استقبال کرتے ہیں ۔ تاہم مسلسل شور شرابہ اور سیٹیوں سے کے سی آر برہم ہوگئے ۔ کے سی آر کل ایک جلسہ سے خطاب کیلئے پہونچے ۔ ان کی تقریر سے قبل یکے بعد دیگر پارٹی کارکن مسلسل سیٹیاں بجانے لگے ۔ کے سی آر ان پر برہم ہوگئے اور ورکرس کی سرزنش بھی کی اور یہ بھی سوال کردیا کہ آیا وہ بی آر ایس کے ہی کارکن ہیں یا کسی دوسری پارٹی کے ۔ کیا وہ جلسہ کو متاثر کرنا چاہتے ہیں ؟ ۔ کیا میں عوام تک اپنا پیام نہ پہونچاؤں ؟ ۔ کیا کارکن چاہتے ہیں کہ میں خطاب کئے بغیر ہی واپس چلا جاؤں ۔ چیف منسٹر کی برہمی کے دوران مقامی امیدوار بے بسی کے عالم میں کارکنوں کو خاموش ہونے کی تلقین کرتے رہ گئے ۔ یہ واقعہ پالا کرتی میں پیش آیا جہاں کے سی آر کارکنوں پر برہم تھے تو اسٹیج پر بیٹھے ہوئے قائدین مسکرا رہے تھے ۔