حیدرآباد 22 جون (سیاست نیوز) خیریت آباد ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی نے چیف منسٹر کے سی آر کیخلاف پولیس بنجارہ ہلز میں شکایت درج کرائی ہے۔ رکن اسمبلی ڈی سیتکا اور صدر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی ڈاکٹر روہن ریڈی نے پولیس اسٹیشن پہونچ کر تحریری شکایت حوالہ کی جس میں چیف منسٹر کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی۔ گزشتہ 9 برسوں میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 2014 ء اور 2018 ء کے انتخابات کے موقع پر مختلف طبقات سے کئی وعدے کئے۔ کے جی تا پی جی مفت تعلیم، ڈبل بیڈ روم مکانات، مسلمانوں اور درج فہرست قبائل کو 12 فیصد تحفظات، دلتوں اور قبائل کو 3 ایکر اراضی الاٹ کرنے جیسے وعدے آج تک پورے نہیں ہوئے۔ اقتدار کے 9 سال کی تکمیل کے باوجود عوام کو وعدوں کی تکمیل کا انتظار ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 3016 روپئے الاؤنس کا وعدہ بھی آج تک پورا نہیں کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے وعدوں کی عدم تکمیل پر کے سی آر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی اپیل کی۔ ر